خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت سیالکوٹ کے گاؤں چپراڑ میں سیلاب متاثرین میں بھاری مقدار میں امدادی سامان کی تقسیم
قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیو ایم کے کارکنان ملک بھر میں سیلاب زدگان کو امدد فراہم کررہے ہیں
مشکل کی اس گھڑی میں متحدہ قومی موومنٹ سیاسی ،نسلی اور مذہبی تعصبات سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کررہی ہے ، ارکان رابطہ کمیٹی
سیالکوٹ۔۔۔14،ستمبر ،2014
متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے سیالکوٹ کے گاؤں چپراڑ میں سیلاب متاثرین میں لاکھوں روپے مالیت کا امدادی سامان ،خشک غذائی اجناس اور پینے کا صاف پانی وافر مقدار میں تقسیم کیا گیا ۔ غذائی اجناس میں آٹا ، چاول ،مختلف اقسام کی دالیں ، گھی ، تیل ، شکر ، چائے کی پتی اور خشک دودھ پر مشتمل راشن بیگ شامل تھے جو ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سیف یار خان ، اسلم خان آفریدی ، حق پر ست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد ، صوبائی تنظیمی کمیٹی کے رکن جمیل اختر ،ایم کیو ایم سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ ،جنرل سیکریٹری رانا اشرف ایڈوکیٹ ، سیکریٹری اطلاعات عمر فیروز پیرزادہ، ضلع سیالکوٹ کے صدرچوہدری عابد گجر و دیگر ذمہ داران نے متاثرین سیلاب میں تقسیم کیئے اور متاثرین سے مکمل ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ارکان رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر ایم کیو ایم اور اس کا فلاحی ادارہ ملک بھر میں سیلاب زدگان کو بلا تفریق رنگ ونسل اور سیاسی، نسلی اور مذہبی تعصبات سے بالاتر ہو کر امدادفراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین ملک کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے سیاست میں عوامی خدمات کے جذبے کو متعارف کروایا اور ایم کیو ایم کے قیام سے پہلے خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لائے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی انہی تعلیمات کے بدولت آج پیغام حق پرستی ملک کے گوشے گوشے میں بتدریج پھیل رہا ہے اور ملک کی غریب و متوسط طبقے کی عوام فرسودہ و جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے جوق در جوق ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔ اس موقع پر ارکان رابطہ کمیٹی نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف افواجِ پاکستان کے جوانوں سے بھی ملاقات کی اور افواجِ پاکستان کی خدمات پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔