ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی مولانا مفتی نعیم سے ٹیلی فون پر گفتگو، مولانا مسعود بیگ کی شہادت پر اظہار تعزیت
میں اور میری پارٹی کے تما م لوگ آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، الطاف حسین کی مفتی نعیم سے گفتگو
مذہبی رہنما اگر اتحاد بین مسلمین پر عمل کرلیں تو ملک میں امن وامان بحال ہوجائے، مولانا مفتی نعیم
لندن ۔۔ 11ستمبر 2014ء
متحدہ قومی موونٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے جامعہ بنوریہ سائٹ کے مہتمم مولانا مفتی نعیم سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان سے دہشت گردوں کے ہاتھو ں ان کے داماد مولانا مسعود بیگ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جناب الطاف حسین نے مولانا مفتی نعیم اورتمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ شہید مولانا مسعود بیگ آ پ کے داماد تھے جو بڑا نازک اور حساس رشتہ ہوتا ہے اور ان کی شہادت سے آپ کی صاحبزادی جو کل تک سہاگن تھیں آج ان کا سہاگ چھین لیا گیا ان کے دل پر کیا گزر رہی ہوگی، آپ پر کیا گزررہی ہوگی اس پر میں اور میری پارٹی کے تما م لوگ آپ کے غم ، دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے مولانا مسعود بیگ کی شہادت پر جامعہ بنوریہ سائٹ کے تمام اساتذہ اور طلبہ سے بھی دلی تعزیت کی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ کے افراد ایک خاندان کی مانند ہوتے اور میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف میں فرمایا ہے’’ دین میں کوئی جبر نہیں ہے‘‘ اور آپ خود عالم دین ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ گروہ بند ی کی وجہ سے اسلام کو نقصان پہنچا ۔ اسلام کے دشمنوں نے اسلام کو وہ نقصان نہیں پہنچایا جو خود مسلمانوں نے اسلام کو پہنچایا ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہم سب کی اصلاح فرمائے ہم سب کو سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق دے اللہ اگر ہمارے ہاتھ کسی کی جان نہیں بچا سکتے تو اتنی طاقت دے کہ ہم کسی کو گزند بھی نہ پہنچنے دیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ جن عناصر نے مولانا مسعوو بیگ کو شہیدکیا ہے اللہ تعالیٰ ان پر اپنا عذاب نازل فرمائے اور مرحوم کو شہید کا درجہ دے ،اللہ تعالیٰ پاکستان سے دہشت گردی اورلاقانونیت کا خاتمہ کرے۔ (آمین) اس موقع پر مولانا مفتی نعیم نے جناب الطاف حسین کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو مثالیں دی ہیں اس پر ہمارے مذہبی رہنما اگر اس پر عمل کرلیں تو ملک میں امن امان بحال ہوجائے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت وتندروستی عطا فرمائے اور آپ کی تمام مشکلات کا خاتمہ کرے ۔آمین