مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم نیو کراچی سیکٹر کے کارکن آفتاب اعظمیٰ کے بہیمانہ قتل پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
کارکنان کے قتل کی تسلسل کے ساتھ وارداتوں کے ذریعے ایم کیوایم کو دیوار سے لگانے اور اس کے جمہوری ، سیاسی اور اخلاقی حقوق کو پامال کرنے کا سلسلہ بندکرایاجائے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔9، ستمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم نیو کراچی سیکٹر یونٹ 140-Bکے کارکن آفتاب اعظمیٰ کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورسفاکانہ قتل کی اس واردات کو شہرمیں جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کو حاصل کھلی چھوٹ کا شاخسانہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کی برسوں سے جاری حق پرستانہ جدوجہد کے دوران ایم کیوایم کے ہزاروں ذمہ داران و کارکنان کو فائرنگ کرکے شہید ، زخمی اور معذور کیاجاچکا ہے اور قتل و غارتگری کی ان وارداتوں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر ایم کیوایم کی حق پرستانہ جدوجہد سے خائف ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے آفتاب اعظمیٰ شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نوا زشریف ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم نیو کراچی سیکٹر یونٹ 140-Bکے کارکن آفتاب اعظمیٰ کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور کارکنان کے قتل کی تسلسل کے ساتھ وارداتوں کے ذریعے ایم کیوایم کو دیوار سے لگانے اور اس کے جمہوری ، سیاسی اور اخلاقی حقوق کو پامال کرنے کا سلسلہ بندکرایاجائے ۔