دروغہ والا لاہور میں مسجد کا مینار چھت پر گرنے کے المناک حادثہ میں متعدد نمازیوں کے ملبے تلے دب کر شہید و زخمی ہونے پرالطاف حسین کااظہار افسوس
مسجد کی چھت کے ملبے تلے دبنے والے افراد کی زندگیوں کی اللہ تعالیٰ حفاظت فرمائے اور انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے ، الطاف حسین کی دعا
لندن۔۔۔9، ستمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے دروغہ والا لاہور میں نماز ظہر کے دوران مسجد کا مینار چھت پر گرنے کے المناک حادثہ میں متعدد نمازیوں کے ملبے تلے دب کر شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے نمازیوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا کرے ۔ انہوں نے کہاکہ مسجد کی چھت کے ملبے تلے دب کرمتعدد نمازی شدید زخمی ہیں اور انہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مسجد کی چھت کے ملبے تلے دبنے والے افراد کی زندگیوں کی حفاظت فرمائے اور انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے ۔