احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتیں سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات کے پیش نظر اپنےاحتجاجی دھرنے مؤخرکردیں،قائد ایم کیوایم الطاف حسین
اگر میں احتجاجی تحریک چلا رہا ہوتا تو ملک میں سیلا ب کی انتہائی تشویشناک اور دل سوز صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا احتجاج فوری ختم کر کے اپنے ساتھیوں کی مختلف ٹیمیں تشکیل دیکر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھیجتا
اپنے مطالبات کے لئے ناچ گانے اور تفریحی پروگرام کی طرح احتجاج کرنا میرے ظرف و ضمیرکے قطعی خلاف ہے
خدارا سیلاب متاثرین کی بہن، بیٹیوں کو دیکھیں جو بے سہارا ہوگئیں ہیں ،الطاف حسین
اللہ تعالیٰ ہم سب کو سیلا ب سے متاثرہ خاندانوں کی خبر گیری اورمدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے، الطاف حسین
احتجاجی دھرنے دینے والے جماعتوں سے الطاف حسین کی ایک مرتبہ پھر دردمندانہ اپیل
لندن ۔۔۔8،ستمبر 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جنا ب الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتوں سے ایک بار پھر دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات کے پیش نظر اپنے اپنے احتجاجی دھرنے مؤخرکردیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر میں دھرنے دینے والوں کی صف میں ہوتااوراپنے ساتھیوں کے ہمراہ احتجاجی تحریک چلا رہا ہوتا توخد ا کی قسم ملک میں سیلا ب کی انتہائی تشویشناک اور دل سوز صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا احتجاج فوری ختم کر کے اپنے ساتھیوں کی مختلف ٹیمیں تشکیل دیکر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھیجتا جہاں کے عوام طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثرہورہے ہیں ، ان متاثرہ علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیرسے تعفن اٹھ رہا ہے،مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں اورمتاثرہ عوام کوفاقہ کشی کی صورتحال کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں اپنے مطالبات کے لئے ناچ گانے اور تفریحی پروگرام کی طرح احتجاج کرنا میرے ظرف و ضمیرکے قطعی خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں دھر نے دینے والی سیاسی ومذہبی جماعتوں سے دوبارہ کہتا ہوں کہ خدارا سیلاب متاثرین کی بہن، بیٹیوں کو دیکھیں جو بے سہارا ہوگئیں ہیں ،وہ باعزت سہارے کی تلا ش میں ٹھوکریں کھا رہی ہیں ،معصوم بچے بھو ک سے بلبلا رہے ہیں،یہ بچے منہ سے نہیں کہہ سکتے مگر رورو کر اپنی بھو ک کی شدت کااحساس دلا رہے ہیں ۔ اسی طرح مرد ،عورت ،بوڑھے اور جوان بھی سیلاب کے نرغے میں بری طرح پھنسے ہوئے ہیں ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر اسلام ،انسانیت ،شرافت ،اخلاقایت او رتہذیب کے تقاضوں ک مطابق دھرنے دینے والی جماعتوں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک کی موجودہ نازک صورتحال کے پیش نظر اپنے اپنے دھر نے مؤخرکردیں اور حالات بہتر ہونے کے بعد دوبارہ اپنے احتجاجی دھرنوں کا آغاز کریں ۔جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو سیلا ب سے متاثرہ خاندانوں کی خبر گیری اورمدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔(آمین)