سینیٹر رحمان ملک کا قائد ایم کیوایم الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ
ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی تباہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال
رحمان ملک نے احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتوں سے بات چیت کے جاری عمل میںایم کیوایم کے نمائندوں کو شرکت کی باضابطہ دعوت دی
حق پرست ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے،سینیٹر رحمان ملک
حکومت اور اپوزیشن جماعتیں دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور سیاسی معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کریں، الطاف حسین
صوبہ سندھ میں ممکنہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں، الطاف حسین
لندن۔۔۔8، ستمبر2014ء
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کرکے قائد تحریک جناب الطاف حسین سے گفتگو کی۔ گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی تباہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمان ملک نے حق پرست ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے پر جناب الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ فیصلہ خوش آئند ہے، اگر ایم کیوایم کی جانب سے یہ فیصلہ نہ کیا جاتا تو ملک میں سیاسی بحران مزید بڑھ سکتا تھا۔انہوں نے سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے جناب الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا اور احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتوں سے بات چیت کے جاری عمل میں ایم کیوایم کے نمائندوں کو شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ جناب الطاف حسین نے رحمان ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میری شروع دن سے یہ کوشش رہی ہے کہ سیاسی معاملات افہام وتفہیم اور بات چیت سے حل کیے جائیں ۔اس وقت مسلح افواج شمالی وزیرستان میں تاریخ کی مشکل ترین جنگ میں مصروف ہے ، سرحدوں پر کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے ، پنجاب میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث شدید جانی مالی نقصان ہوچکا ہے لہٰذا ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی چیلنجوں کے پیش نظروقت کاتقاضہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور سیاسی معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کریں۔ جناب الطاف حسین نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ صوبہ سندھ میں ممکنہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔