طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ عوام اس وقت حکومت اورتمام سیاسی جماعتوں کی توجہ اورمددکے طالب ہیں۔الطاف حسین
آزادکشمیر اورپورا پنجاب سیلاب اور طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کاشکارہے
وقت کاتقاضہ ہے کہ تمام معاملات ایک طرف رکھ کرقدرتی آفات سے متاثرہ عوام کی ہرممکن مددکی جائے
قدرتی آفات سے ہونیوالی تباہی کے پیش نظر دھرنے ملتوی کردینے چاہئیں اورسب کو ملکر متاثرین کی مدادکرنی
چاہیے، پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہراشرفی سے فون پر گفتگو
قدرتی آفات کے پیش نظردھرنے ملتوی کرنے کی تجویزدرست ہے ۔حافظ طاہر اشرفی کی قائدتحریک الطاف حسین سے گفتگو
دھرنے دینے والی جماعتوں کے رہنماؤں کوالطاف بھائی کی تجویزپر توجہ دیناچاہیے ۔حافظ طاہراشرفی
آپ نے قدرتی آفات سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر قوم کی جس طرح رہنمائی کی وہ دوسروں کیلئے قابل تقلیدہے۔ حافظ طاہراشرفی
لندن۔۔۔7 ستمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ عوام اس وقت حکومت اورتمام سیاسی جماعتوں کی توجہ اورمددکے طالب ہیں لہٰذاوقت کاتقاضہ ہے کہ تمام معاملات ایک طرف رکھ کرقدرتی آفات سے متاثرہ عوام کی ہرممکن مددکی جائے۔ انہوں نے یہ بات آج پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہراشرفی سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت آزادکشمیر اورپورا پنجاب سیلاب اور طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کاشکارہے، بہت بھاری جانی ومالی نقصان ہوچکاہے اورتباہ کاریاں مسلسل بڑھ رہی ہیں، قدرتی آفات سے متاثرہ عوام اس وقت ہماری فوری توجہ کے منتظرہیں۔انہوں نے اپنی اس بات کودہرایاکہ ملک میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالی تباہی کے پیش نظر اسلام آبادمیں جاری دھرنے ملتوی کردینے چاہئیں اورسب کو ملکر قدرتی آفات کے متاثرین کی امدادکرنی چاہیے۔ حافظ طاہر اشرفی نے جناب الطاف حسین کی بات کی مکمل تائیدکی اور کہاکہ دھرنے دینے والی جماعتوں کے رہنماؤں کوآپ کی اس تجویزپر توجہ دیناچاہیے ۔ انہوں نے سیاسی بحران کے حل کیلئے جناب الطاف حسین کی کوششوں کوسراہا۔ حافظ طاہراشرفی نے جناب الطاف حسین سے کہاکہ آپ نے قدرتی آفات اور اس سے ہونے والی تباہی کی سنگینی کوجس طرح محسوس کیااوراس کے پیش نظرکھل کرقوم کی جس طرح رہنمائی کی وہ دیگررہنماؤں کے لئے بھی قابل تقلیدہے۔ حافظ طاہراشرفی نے ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کافیصلہ مؤخرکرنے کاخیرمقدم کیااورکہاکہ ایم کیوایم کے نمائندے پارلیمنٹ میں ملک کے محروم ومظلوم عوام کی واحد آواز ہیں اور انہیں ملک کی موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ میں جاکراپنے بھرپورکردارکوجاری رکھناچاہیے۔