جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ، ملک میں جاری سیاسی بحران اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کے فیصلے پر نظرثانی کریں، مولانا فضل الرحمن کی قائد تحریک الطاف حسین سے درخواست
ایم کیوایم کے ارکان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی بھی ہدایت کریں۔ مولانا فضل الرحمن
ایم کیوایم ایک بڑی عوامی جماعت ہے اور ملکی سیاست میں اس کا اہم کردار ہے۔ مولانا فضل الرحمن
الطاف حسین نے مولانا فضل الرحمن کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کے فیصلے کو مؤخر کردیا
ایم کیوایم کے نمائندے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ الطاف حسین کی مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی
بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر احتجاجی دھرنے ملتوی کرنے کی اپیل کی بھرپور تائید کرتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمن
لندن۔۔۔6ستمبر 2014ء
جمعیت علما ئے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین سے ٹیلی فون پررابطہ کیااوران سے ملک میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری سیاسی بحران اور ملک کی مجموعی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔مولانا فضل الرحمن نے جناب الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے درخواست کی کہ ایم کیوایم ایک بڑی عوامی جماعت ہے اورملکی سیاست میں اس کااہم کردار ہے لہٰذا وہ ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کے فیصلے پر نظرثانی کریں اورملک کی سیاسی تاریخ کے اس اہم موڑ پر اپنے مؤقف کو بیان کرنے اور جمہوریت کی بقاء کیلئے اپنا بھرپورکرداراداکرنے کیلئے ایم کیوایم کے ارکان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی بھی ہدایت کریں ۔جناب الطاف حسین نے مولانافضل الرحمن کی درخواست کومنظورکرتے ہوئے ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کے فیصلے کو مؤخرکردیااورانہیں یقین دلایاکہ ایم کیوایم کے نمائندے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ مولانافضل الرحمن نے جناب الطاف حسین کی اس بات کی مکمل تائیدکی کہ ملک میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں اور نازک صورتحال کے پیش نظردوسیاسی جماعتوں کی جانب سے دیے جانے والے احتجاجی دھرنے ملتوی کردیئے جائیں ۔ دونوں رہنماؤں نے ملک میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی ومالی نقصانات پربھی شدیدافسوس کا اظہار کیااور اس بات پراتفاق کیاکہ اس وقت ملک کی تمام جماعتوں کوآپس میں متحدہوکر قدرتی آفات کے متاثرین اورآئی ڈی پیز کی بھرپورمددکرنا چاہیے۔