ایم کیوایم میڈ یکل ایڈ کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر فاروق جمیل و اراکین کمیٹی کاعباسی شہید اسپتال کا دورہ
ایڈمنسٹریٹر کراچی کی جانب سے عباسی شہید اسپتال میں مریضوں کی پرچیوں اور KMDCکی ایڈمیشن فیسوں میں اضافے
کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین سے ملاقات
ایڈمنسٹریٹر کراچی عوام سے علاج و معالجہ اور تعلیم کی سستی سہولتیں چھین رہے ہیں ، ڈاکٹر فاروق جمیل
مریضوں کی پرچیوں اور کالج کی فیسوں میں غیر منطقی اور ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیاجائے ، ڈاکٹر فاروق جمیل کا گورنر سندھ
، وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات سے مطالبہ
کراچی ۔۔۔5ستمبر 2014ء
متحد ہ قو می موومنٹ کی میڈ یکل ایڈ کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر فاروق جمیل و اراکین کمیٹی نے جمعہ کے روز عبا سی شہید اسپتال کا دورہ کیااور ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب صدیقی کی جانب سے عباسی شہید اسپتال میں مریضوں کی پرچیوں اور کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ایڈمیشن فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین سے ملاقات کی ۔ احتجاج کرنے والے مظاہرین میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف کے اراکین ، میڈیکل کے طلباء اور عوام بڑی تعداد میں شامل تھے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ عباسی شہید اسپتال کی پرچیوں اور کے ایم ڈی سی کی ایڈمیشن فیسوں کے بلاجواز اضافے کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے ۔ ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج و اراکین نے احتجاجی مظاہرین کے مطالبات کو سنا اوراس سلسلے میں اپنے ہر تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر فاروق جمیل نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی عوام سے علاج و معالجہ اور تعلیم کی سستی سہولتیں چھین رہے ہیں اور بجٹ عوام پر خرچ کرنے کے بجائے انہوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو یہ کہنے سے قبل شرم کرنی چاہئے تھی کہہ وہ عوام کو علاج و معالجہ کی سستی سہولتیں مہیا نہیں کرسکتے اور نہ ہی کے ایم ڈی سی کی فیسوں میں اضافہ واپس لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ KMCاسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں گزشتہ چار بر س میں کوئی بھی دوائی نہ تو او پی ڈی میں کے مریضوں کو دی گئی ہے اور نہ ہی داخل ہونے والے مریضوں کو دی جاتی ہے جبکہ اسی شہر ی حکومت میں حق پرست ناظم اعلیٰ نے ماضی میں یہ تمام سہولیات عوام کو اتنے ہی بجٹ میں وافر انداز میں فراہم کیں تھیں ۔انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پاکستان بھر میں میرٹ پر سب سے کم فیس والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیسوں میں اضافہ کرکے غریب اور متوسط طبقے کے افراد پر تعلیم کے دروازے بند کردیئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ڈاکٹر فاروق جمیل نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب صدیقی کی جانب سے علاج و معالجے اور تعلیم کی سستی سہولیات عوام سے چھیننے کا نوٹس لیاجائے، شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے ایماندار افسران کو تعینات کیاجائے اور فیسوں میں غیر منطقی اور ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیاجائے ۔