صحافیوں کو غیرانسانی تشدد کا نشانہ بنانا سراسر آمرانہ عمل ہے، الطاف حسین
حکومت، رپورٹرز، فوٹوگرافرز، کیمرہ مین اور ڈی ایس این جی کے عملے کے ارکان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا سنجیدگی سے نوٹس لے
صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سرکاری اہلکاروں کو اسپیشل مجسٹریٹ کے ذریعہ پی پی اے کے تحت فی الفور سزائیں سنائی جائیں
لندن ۔۔۔31، اگست2014ء
متحدہ قومی موومنٹ نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں مصروف صحافیوں کو بہیمانہ تشددکا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ صحافیوں کو غیرانسانی تشددکا نشانہ بنانا سراسر آمرانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ اور رسول ؐ کا واسطہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت، پرامن عوام بالخصوص پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں مصروف رپورٹرز، فوٹوگرافرز،کیمرہ مین اور ڈی ایس این جی کے عملے کے ارکان کو بہیمانہ تشددکا نشانہ بنانے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور صحافیوں پر ہونے والے مظالم کو فی الفور بند کرائے ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں مصروف صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سرکاری اہلکاروں کو اسپیشل مجسٹریٹ کے ذریعہ پی پی اے کے تحت فی الفورسزا ئیں سنائی جائیں۔