وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے فون پر رابطہ، ملک کی موجودہ تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گفتگو
اسحق ڈارنے جناب الطاف حسین کواسلام آباد میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے آگاہ کیا
مظاہرین پر فائرنگ، شیلنگ اور تشدد قطعی نامناسب اور افسوسناک ہے۔ الطاف حسین کی اسحق ڈارسے گفتگو
حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے ہرقیمت پر گریز کرنا چاہیے تھا۔ الطاف حسین
وزیراعظم نوازشریف ملک اور جمہوریت کی بقاء کی خاطر کوئی وقت ضائع کئے بغیر ڈاکٹر طاہرالقادری، عمران خان اور دیگرجماعتوں کے قائدین کے ساتھ بیٹھیں۔ الطاف حسین
وزیراعظم معاملات کو مذاکرات، افہام وتفہیم اور بات چیت سے حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں اور جائز مطالبات پر توجہ دیں۔ الطاف حسین
زیادہ ذمہ داری حکومت پرعائد ہوتی ہے کہ وہ ہوشمندی سے کام لے اورعوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرے۔ الطاف حسین
لندن۔۔۔30 اگست 2014ء
وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارنے ہفتہ کی شب متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین سے فون پر رابطہ کیا اور ان سے ملک کی موجودہ تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گفتگو کی۔ اسحق ڈارنے جناب الطاف حسین کواسلام آباد میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ جناب الطا ف حسین نے اسحق ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد میں مظاہرین پر فائرنگ، شیلنگ اورتشدد کوقطعی نامناسب اور افسوسناک قراردیا اورکہا کہ جوکچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا اور حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے ہرقیمت پر گریز کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کے ایکشن کی وجہ سے عورتیں بچے بھی بری طرح متاثرہوئے ہیں اور زخمی ہوئے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں زیادہ ذمہ داری حکومت پرعائد ہوتی ہے کہ وہ ہوشمندی سے کام لے اورعوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرے اورعوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کو چاہیے کہ وہ بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک اورجمہوریت کی بقاء کی خاطر کوئی وقت ضائع کئے بغیر ڈاکٹر طاہر القادری، عمران خان اوردیگرجماعتوں کے قائدین کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دیں اور اگر ڈاکٹر طاہر القادری اورعمران خان وزیراعظم کی دعوت پر ان کے بتائے گئے مقام پر آنے سے منع کردیں یاکسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کریں تو پھربھی میری یہ درخواست ہوگی کہ وزیراعظم نوازشریف اس معاملے کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں اور بڑے مقصدکی خاطر خودچل کر ڈاکٹرطاہرالقادری اورعمران خان کے کنٹینرز میں جاکر ان سے ملاقات کریں اور مذاکرات، افہام وتفہیم اوربات چیت کے ذریعے معاملات کا پرامن حل تلاش کرنے کی بھرپورکوشش کریں اوران کے جائز مطالبات پر توجہ دیں۔ اسحق ڈار نے جناب الطاف حسین کو یقین دلایا کہ حکومت نے معاملہ کو مذاکرات کے ذریعے سے حل کرنے کی کوشش کی ہے اور حکومت افہام وتفہیم سے معاملات کوحل کرنے کی مزید بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔