ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی کے وفد کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات
ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر گفتگو اور تبادلہ خیال کیا گیا
جمہوریت کی بقاء اور ملک کی ترقی کیلئے تمام معاملات افہام و تفہیم سے طے کئے جائیں ، ایم کیوایم وفد
خشوع و خضوع کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سیاسی بحران کا خاتمہ کیاجائے ، وزیراعظم سے ایم کیوایم کے وفد کی گفتگو
اسلام آباد ۔۔۔27، اگست2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے اعلیٰ سطحی وفد نے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بدھ کے روز وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ۔ ایم کیوایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار ، بابر خان غوری اور حیدری عباس رضوی شامل تھے جبکہ وزیراعظم نواز شریف کے وفد میں وفاقی وزراء پرویز رشید ، خواجہ آصف ، سعد رفیق اور وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی شامل تھے ۔ ملاقات میں ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے ایم کیوایم کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ہونیوالی ملاقاتوں میں بات چیت سے ایم کیوایم کے وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ایم کیوایم کے وفد نے زور دیا کہ جمہوریت کی بقاء اور ملک کی ترقی کیلئے تمام معاملات افہام و تفہیم سے طے کئے جائیں اور خشوع و خضوع کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سیاسی بحران کا خاتمہ کیاجائے ۔