ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان خدارا سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی آخری مرتبہ کوشش کرلیں۔ الطاف حسین
ڈاکٹرطاہرالقادری سے درخواست ہے کہ ملک کی نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں
خدارا جمہوریت کا غلط استعمال کرنے والوں کو مذاکرات کے ذریعہ راہ راست پر لائیں ، ملک کوکسی قسم کے تصادم ، خون خرابے اور انتشار سے بچالیں
خدارامذاکرات کا راستہ اختیار کریں ، At the end of the day ہرکسی کو مذاکرات کاہی راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے ، چاہے دس پندرہ لاکھ افراد کی جا نیں دینے کے بعد مذاکرات کیے جائیں یا دس پندرہ لاکھ افراد کی جانیں بچاکر پہلے ہی سے مذاکرات کرلیے جائیں
ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کی ہنگامی بیان میں ڈاکٹرطاہرالقادری اورعمران خان سے دردمندانہ اپیل
لندن۔۔۔19، اگست2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ایک مرتبہ پھر دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی آخری مرتبہ بھرپورکوشش کریں اورمذاکرات کا دروازہ کسی قیمت پر بند نہ کریں۔اپنے ہنگامی بیان میں جناب الطاف حسین نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نہ صرف ایک انتہائی سمجھدار ، بردباراور باشعور فرد ہیں بلکہ چوٹی کے عالم دین بھی ہیں ۔ آپ نے آج حکومت کوشام تک کی جو نئی ڈیڈلائن دی تھی وہ اب ختم ہونے والی ہے ۔ اس سے پہلے کہ آپ کوئی اقدام اٹھائیں میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ ملک کی نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں ۔ یہ حقیقت آپ کے علم میں ہے کہ ہماری مسلح افواج اس وقت شمالی وزیرستان میں ایک کٹھن جنگ میں مصروف ہیں۔ ان حالات میں آپ کوئی حتمی اعلان کرنے یا ریڈ زون میں داخل ہونے کا فیصلہ کرنے سے پہلے ایک آخری مرتبہ مذاکرات کاراستہ اختیار کرکے ملک اور قوم کو ایک بڑے بحران سے بچالیں۔ جناب الطاف حسین نے ڈاکٹرطاہرالقادری سے کہاکہ ملک میں جاری جمہوری نظام میں جو خرابیاں ہیں اس میں جمہوری نظام سے زیادہ اس کو چلانے والوں کا قصور ہے ۔ خدارا جمہوریت کا غلط استعمال کرنے والوں کو مذاکرات کے ذریعہ راہ راست پر لائیں اور ملک کوکسی قسم کے تصادم ،خون خرابے اور انتشار سے بچالیں۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ اللہ آپ کا، ہم سب کا اور پاکستان حامی وناصر ہو۔ اس دعاکے ساتھ یہ میری ڈاکٹرطاہرالقادری اور عمران خان سے دردمندانہ اپیل ہے کہ آپ خدارامذاکرات کا راستہ اختیار کریں کیونکہ At the end of the day ہرکسی کو مذاکرات کاہی راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے ، چاہے دس پندرہ لاکھ افراد کی جا نیں دینے کے بعد مذاکرات کیے جائیں یا دس پندرہ لاکھ افراد کی جانیں بچاکر پہلے ہی سے مذاکرات کرلیے جائیں۔