باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردوں کے اسکول وین کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے پر الطاف حسین کااظہار مذمت
دہشت گرد تعلیم اور علم کے دشمن ہیں اور ان کی کارورائیوں سے تمام مذاہب اور مسالک کے ماننے والے عدم تحفظ کا شکار ہیں ، الطاف حسین
بم دھماکہ کے نتیجے میں شہید خواتین ، بچوں اوراساتذہ کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار اور زخمیوں کیلئے دعائے صحت
لندن۔۔۔19، اگست2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردوں کی جانب سے اسکول وین کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکہ کے نتیجے میں خواتین ، بچوں اور اساتذہ سمیت متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے بچوں کی اسکول وین کو بم دھماکے سے نشانہ بناکر ثابت کردیا ہے کہ وہ تعلیم اور علم کے دشمن ہیں اور ان کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے تمام مذاہب اور مسالک کے ماننے والے عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکے میں خواتین ، بچوں ، اساتذہ سمیت دیگر شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد و مکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے ۔ جناب الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ باجوڑ ایجنسی میں اسکول وین کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر مثبت اقدامات بروئے کار لا ئے جائیں ۔