جناب الطاف حسین کا پشاور میں موسلا دھار بارشو ں کے نتیجے میں متعدد شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر اظہار افسوس
حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بارشوں سے قبل انتظامی معاملات بہتر بنائے ،الطاف حسین
ملک میں مقامی حکومتیں نا ہونے کے سبب عوام پریشانی کا شکار ہیں ،بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھی ارکان اسمبلی کے دروازوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں، الطاف حسین
زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، آئندہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچنے کیلئے اقداما ت کئے جائیں، صوبائی حکومت سے مطالبہ
زخمیوں کی جلد صحتیابی اور جاں بحق افرادکے درجات کی بلندی کیلئے دعا
لندن۔۔15اگست 2014ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے موثر انتظام نا ہونے کے سبب قیمتی انسانی جانوں کا ضیا ع قابل افسوس ہے اور حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بارشوں سے قبل انتظامی معاملات کو بہتر بنائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں مقامی حکومتوں کا نظام نہ ہونے کے سبب عوام پریشانی کاشکا ر ہیں اور انکے درمیان انکے بنیادی مسائل حل کرنے والا موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے معمولی مسائل حل کروانے کے لئے بھی ارکان اسمبلی کے دروازوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہریوں کے درجات کی بلندی فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے ۔جناب الطاف حسین نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے ۔