مری میں اضافی کرائے لینے پر لوگوں کے احتجاج کی کورریج کرنے کی پاداش میں ہوٹل ، بس مالکان اور ان کے کارندوں کا ایکسپریس اور دنیا نیوز کے نمائندگان ، کیمرہ مین اور عملے کے اراکین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
سیر و تفریح کیلئے آنے والے افراد سے زائد کرائے وصول کرنا کھلی ناانصافی کا عمل تھام رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
میڈیا کے نمائندگان اور عملے کو سفاکانہ تشددکا نشانہ بناکر سچائی بے نقاب کرنے کی سزا دی گئی ، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
آزادی صحافت پر کاری ضرب میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے، رابطہ کمیٹی
تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے میڈیا نمائندگان ، کیمرہ مین اورعملے کے اراکین سے رابطہ کمیٹی کااظہار ہمدردی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا
کراچی ۔۔۔یکم ، اگست2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مری میں ہوٹل اور بس مالکان کی جانب سے اضافی کرائے لینے پر لوگوں کے احتجاج کی کورریج کرنے کی پاداش میں ایکسپریس اور دنیا نیوز چینلز کے نمائندگان ، کیمرہ مین اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عید الفطر کے موقع پر مری میں ہوٹل اور بس مالکان کی جانب سے سیر و تفریح کیلئے آنے والے افراد سے زائد کرائے وصول کرنا کھلی ناانصافی کا عمل تھا اور اس کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں کی کورریج کرنے پر ایکسپریس اور دنیانیوز چینل کے نمائندگان ، کیمرہ مین اور عملے کو ہوٹل اور بس مالکان اور ان کے کارندوں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر سچائی کو سامنے لانے کی سزا دی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے ٹی وی چینلز کے عملے کے اراکین سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے و فاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ مری میں اضافی کرائے لینے پر لوگوں کے احتجاج پر ہوٹل اور بس مالکان اور کارندوں کی جانب سے ایکسپریس اور دنیا نیوز چینلز کے نمائندگان ، کیمرہ مین اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور آزادی صحافت پر کاری ضرب میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔