کراچی کے ساحل پر ڈوبنے اور گجرانوالہ میں کرنٹ لگنے کے سبب قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اظہار افسوس
ساحل سمندرپر درجنوں افرادڈوبنے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ، رابطہ کمیٹی
ساحل سمندر پرشہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے لائف گارڈز تعینات کئے جائیں ،رابطہ کمیٹی کا مطالبہ
دونوں واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت کے لئے دعا اور لواحقین سے دلی تعزیت
کراچی ۔۔۔ 30جولائی2014ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ساحل سمندر میں متعدد افراد کے ڈوبنے کے باعث جاں بحق ہونے کے واقعہ پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ ساحل سمندرپر درجنوں افرادڈوبنے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ساحلی مقامات پر عوام کے تحفظ کے لئے خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آتے ۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ساحل سمندر پر تفریح کی غرض سے جانے والے شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات بروئے کار لائے اور ساحلی مقامات پر لائف گارڈز تعینات کئے جائیں ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار ان کو صبر جمیل عطا کرے ۔
دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے گجرانوالہ میں کرنٹ لگنے کے باعث معصوم بچوں کی ہلاکت پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔