کوٹلی کے مقام پر مسافر بس کے اندوہناک حادثہ پر رکن رابطہ کمیٹی میاں عتیق کا اظہار تعزیت
ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کو روکنے کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری اور اصول پر عمل درآمد ہر شخص کو اپنی زندگی کا حصہ بنا نا چاہئے، رکن رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
رابطہ کمیٹی رکن کا حادثہ میں ہلاک افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
اسلام آباد ۔۔۔27، جولائی 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن میاں عتیق نے کشمیر سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس کے کوٹلی کے مقام پر گہری کھائی میں گر جانے کے اندوہناک حادثے میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہاکہ طویل سفر کے دوران دشوار گزار راستے، عجلت اور لاپروائی ٹریفک حادثات کی شرح میں اضافے کا سبب ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کو روکنے کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری اور اصول پر عملدرآمد ہر شخص کو اپنی زندگی کا حصہ بنا نا چاہئے ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔