سابق چیئرپرسن عاصمہ جہانگیر کی سربراہی میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وفد نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کیا
خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر فاروق ستار ، نسرین جلیل اور کنور خالد یونس سے ملاقات
ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ، آئی ڈی پیز کی امداد ، امن و امان کے قیام ، کارکنان کے
ماورائے عدالت قتل ، اغواء ، تشدد اور بلاجواز گرفتاریوں کے واقعات زیر بحث آئے
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے وفد کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے واقعات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا
کراچی ۔۔۔21، جولائی 2014ء
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP)کی سابق چیئرپرسن عاصمہ جہانگیر کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کیا اور خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر فاروق ستار ، محترمہ نسرین جلیل اور کنور خالد یونس سے ملاقات کی ۔ وفد میں ایچ آر سی پی کے کو چیئرپرسن کامران عارف ، سینئر اراکین طاہر حسین ، اسد اقبال بٹ ، منیر میمن ، قاضی خیر حبیب اور مسز منیزہ شامل تھیں ۔ ملاقات میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ، آئی ڈی پیز کی امداد ، ملک میں امن و امان کے قیام ، ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل ، ان کے اغواء، تشدد کی وارداتوں اور بلاجواز گرفتاریوں کے واقعات زیر بحث آئے اور ملک کی مجموعی سیاسی ، سماجی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے ہیو من رائٹس کمیشن کے وفد کی نائن زیرو آمد کا خیر مقدم کیا اور انہیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔