پشاور وزیر باغ میں پولیس وین کے قریب بم دھماکہ پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
پاکستان کی مسلح افواج ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے باوجود اب پاک سرزمین کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرکے دم لے گی، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد دہشت گرد ملک کے اندر بم دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات کیلئے سرگرم ہیں، رابطہ کمیٹی
ملک بھر کے عوام اپنے ارد گرد کڑی نگاہ رکھیں ، مشکوک عناصر اور چیزوں کی اطلاع فی الفور قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں ، رابطہ کمیٹی
دھماکہ میں شہید اہلکار کے سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
کراچی ۔۔۔18، جولائی 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پشاور کے علاقے وزیر باغ میں پولیس وین کے قریب بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کے نتیجے میں ایک ہلکار کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج جواں مردی سے لڑنے کے ساتھ ساتھ جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے باوجود اب پاک سرزمین کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرکے دم لے گی ۔رابطہ کمیٹی نے مزید کہاکہ آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد دہشت گرد ملک کے اندر بم دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات کیلئے سرگرم ہیں ایسے حالات میں ملک بھرکے عوام کو اپنے ارد گرد کڑی نگاہ رکھنی چاہئے ، مشکوک عناصر اور چیزوں کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن میں فی الفور دینی چاہئے اور اپنے درمیان اتحاد کو ہرقیمت پربرقرار رکھنا چاہئے ۔ رابطہ کمیٹی نے پشاور وزیر باغ میں پولیس وین کے قریب دھماکہ کے نتیجے میں شہید پولیس اہلکار کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ پشاور وزیر باغ کے علاقے میں پولیس وین کے قریب دھماکہ اور ایک پولیس اہلکار کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور دہشت گردی کے واقعات سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی بھی مثبت اقدام سے ہرگز گریز نہ کیاجائے ۔