مسلح افواج سے مکمل یکجہتی کے اظہارکیلئے ایم کیوایم کی جانب سے تاریخی اجتماع منعقدکیاجائے گا۔الطاف حسین
اجتماع میں تمام ہی سیاسی ومذہبی جماعتوں ، سول سوسائٹی اوراین جی اوزکوبھی مدعوکیاجائے گا
مسلح افواج سے یکجہتی کے لئے اجتماع کے مقام اور تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے گا
قائدتحریک الطاف حسین کارابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب، رابطہ کمیٹی اجلاس کرکے تاریخ ، مقام اوردیگرتفصیلات طے کریگی
مسلح افواج ، پاکستان کی سب سے بڑی اور مشکل ترین جنگ میں دشمنوں کے خلاف صف آراء ہے، الطاف حسین
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پاک فوج سے یکجہتی کے مظاہرے کو بھرپورکوریج دیکر اپنا قومی فریضہ بحسن وخوبی ادا کرے
سیاسی ومذہبی رہنما، کارکن، تاجر ، صنعتکار ، دکاندار، ملازمت پیشہ افراد، محنت کش ، طلباوطالبات اور تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اجتماع میں شرکت کے لئے مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کابھرپورمظاہرہ کریں
لندن۔۔۔27، جون2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ دہشت گردوں کے خلاف نبردآزمامسلح افواج سے مکمل یکجہتی کے اظہارکیلئے ایم کیوایم کی جانب سے تاریخی اجتماع منعقدکیاجائے گاجس میں تمام ہی سیاسی ومذہبی جماعتوں ، سول سوسائٹی اوراین جی اوزکوبھی مدعوکیاجائے گا۔ انہوں نے یہ بات آج رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے رابطہ کمیٹی کوہدایت کی کہ وہ فوری طورپراجلاس کرکے اجتماع کاانعقاد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور مشکل ترین جنگ میں ملک دشمنوں کے خلاف صف آراء ہے اور دہشت گردوں کے خاتمہ کی جنگ میں پاک فوج کے افسران اور جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کررہے ہیں اور بے پناہ قربانیاں دینے کے باوجود مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کے حوصلے چٹانوں کی طرح مضبوط ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں مصروف افسران وجوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ دیگر تمام مصروفیات ترک کرکے دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر جان کی بازی لگانے کی غرض سے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کا تاریخی اجتماع پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں منعقد کیا جائے اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیاجائے ۔جناب الطاف حسین نے پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے مالکان اور تمام نمائندوں سے درخواست کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے اس تاریخی اجتماع کی کارروائی سے قوم کے بچہ بچہ کو آگاہ کرنے اور یکجہتی کے مظاہرے کو بھرپورکوریج دیکر اپنا قومی فریضہ بحسن وخوبی ادا کریں۔ جناب الطاف حسین نے سیاسی ومذہبی رہنماؤں، کارکنوں، تاجروں ، صنعتکاروں ، دکانداروں، ملازمت پیشہ افراد، محنت کشوں ، طلباوطالبات اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی روزمرہ کی مصروفیات سے وقت نکال کر پاکستان کی مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کابھرپورمظاہرہ کریں۔دہشت گردی کے خلاف نبرد آزماپاک فوج کے افسران اورجوانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ایم کیوایم کے تحت تاریخی اجتماع کے مقام اور تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔