جناب الطاف حسین ملک کے استحکام اور سلامتی کے معاملہ پر مسلح افواج اور شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے ساتھ ہیں، انچارج ایم کیوایم پی او سی حنیف اتمان خیل
دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں جناب الطاف حسین کی قومی سطح کی سیاست برائے خدمت اہم کردار ادا کرے گی، حق پرست رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ
ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام کیماڑی سکندرآباد میں منعقدہ بڑے اجتماع سے خطاب
کراچی ۔۔۔25 جون 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیراہتمام گزشتہ روز کیماڑی سکندرآباد میں اجتماع منعقد ہوا جس میں سکندرآباد کے پختون عوام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اجتماع کے شرکاء سے ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج حنیف اتمان خیل، حق پرست رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ اور پی او سی کے اراکین انور خان ترین اور اسد اللہ یوسفزئی نے خطاب کیا۔ اجتماع کے شرکاء ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے حق میں پرجوش انداز میں فلک شگاف نعرے لگارہے تھے اور ان کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم پی او سی کے انچارج حنیف اتمان خیل نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے اس عفریت کے خلاف برسر پیکار ہے جس نے انسانیت کی توہین اور تذلیل کی تمام حدود پار کرلی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور ہرسطح پر ملک کے استحکام اور سلامتی کے معاملہ پر مسلح افواج اور شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے ساتھ ہیں ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ ملک کی نازک ترین صورتحال میں جناب الطاف حسین قومی یکجہتی کو فروغ دے رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ملک میں قومی یکجہتی اور اتفاق رائے پیدا کرنا ہی موجودہ وقت میں سب سے بڑی قومی خدمت اوراولین فریضہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم قومی سطح کی جماعت ہے اور ایم کیو ایم کے قا ئد الطاف حسین کا فکر وفلسفہ اور نظریہ ہر قومیت ، مذہب اور مسلک کے عوام کی آواز بن چکا ہے اور انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بھی قائد تحریک الطاف حسین کی قومی سطح کی سیاست برائے خدمت ہی اہم کردار ادا کرے گی۔