پشاور ایئرپورٹ پر ہوائی جہاز پر نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے حملے پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سیاست کرنے کے بجائے ملک کو درپیش نازک صورتحال پر انتہائی چوکس رہنا چاہیئے
شمالی وزیرستان میں پاکستان کی مسلح افواج، ملک دشمن مسلح دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی جنگ میں مصروف عمل ہے، الطاف حسین
ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے اپیل ہے کہ زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کریں۔ الطاف حسین
خدانخواستہ دہشت گردوں کی جانب سے چلایا جانے والا بارودی اسلحہ جہاز کے فیول ٹینک کو لگتا تو خاکم بدہن پورا جہاز جل کر خاکستر ہو جاتا
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اراکین رابطہ کمیٹی سے بات چیت کرتے ہوئے پشاور ایئر پورٹ پر ہوائی جہاز پر نا معلوم دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ کیا انہیں نہیں معلوم کہ شمالی وزیرستان میں پاکستان کی مسلح افواج، ملک دشمن مسلح دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی جنگ میں مصروف عمل ہے اور چند دنوں قبل ہی کراچی ایئر پورٹ پر ہونے والے اندوہناک واقعے کی تفصیلات عوام کے ذہنوں سے بوجھل بھی نہیں ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں مختلف علاقوں میں تواتر کے ساتھ پاکستان کے خلاف مسلح دہشت گرد خود کش حملے اور بم دھماکوں کے ذریعے مختلف مقامات پر حملے کر رہے ہیں تو یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اتنی نازک صورتحال میں یہ دیکھنے کے بعد ایئر پورٹ سمیت دیگر تنصیبات کی حفاظت کا بندو بست کیوں نہیں کیا ؟ اگر آج خدانخواستہ دہشت گردوں کی جانب سے چلایاجانے والا بارودی اسلحہ جہاز کے فیول ٹینک کو لگتا تو خاکم بدہن پورا جہاز جل کر خاکستر ہو جاتا ۔
الطاف حسین نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سیاست کرنے کے بجائے ملک کو درپیش نازک صورتحال پر انتہائی چوکس رہنا چاہیئے اور ہر لمحہ دہشت گردی کے کسی بھی واقعے اور کسی بھی جگہ پہنچ کر موئثر اقدامات کرنے چاہئیں ۔
آخر میں الطاف حسین نے کے پی کے میں موجود ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے اپیل کی کہ زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کریں۔