آل کراچی تاجر اتحاد کی سپریم کونسل کے وفدکی عتیق میر کی قیادت میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی سے ملاقات
الطاف حسین نے ہمیشہ کراچی میں تاجروں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز بلندکی ہے ، ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی
ایم کیو ایم نے تاجر برادری سمیت ملک کے تمام طبقات میں برابری اور رواداری کی کوششیں کی ہیں ، عتیق میر
آل کراچی تاجر اتحاد کے وفدکی حق پرست خاتون رکن قومی اسمبلی شہید طاہرہ آصف کے بہیمانہ قتل کی مذمت
کراچی ۔۔۔ 23جون 2014ء
آل کراچی تاجر اتحاد کی سپریم کونسل کے وفد نے چےئر مین عتیق میر کی قیادت میں گزشتہ روز ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، ارکان رابطہ کمیٹی احمدسلیم صدیقی اور بابر خان غوری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر اے کے ٹی آئی کے چےئرمین عتیق میر نے گزشتہ دنوں حق پرست رکن قومی اسمبلی شہید طاہرہ آصف کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے انکی مغفرت کے لئے دعا کی ۔ میاں عتیق نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ تاجر برادری کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے شہر میں جاری تاجروں کے اغواء اور بھتہ خوری کی ہمیشہ مخالفت اور مذمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ کراچی شہرکے تمام تاجر ایم کیو ایم کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں موجود ہوتے ہیں ۔تاجر وفد نے کہا کہ ایم کیو ایم اور تاجروں کے درمیان رابطوں کومزید موثر بنانے کے لئے ایم کیو ایم کے ارکان اور تاجروں پر مشتمل مشترکہ’’ ایم کیو ایم تاجر رابطہ کمیٹی‘‘ کے نام سے فورم بنایاجائے تاکہ تاجر برادری ایم کیوایم کی قیادت سے مزید موثر انداز میں مشاورت کر سکے۔عتیق میرنے کہا کہ ایم کیو ایم مظلوموں اور غریبوں کی جماعت ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کے مظلوم عوام کے حقوق کی بات کی ہے اور تاجر برادری سمیت ملک کے تمام طبقات میں برابری اور رواداری کی کوششیں کی ہیں ۔ملاقات کے موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و اراکین نے آل کراچی تاجر اتحاد کے وفد کی آمد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تاجر برادری کو اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جناب الطاف حسین نے ہمیشہ تاجر برادر ی سمیت ملک کے ہر طبقہ کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور کراچی میں تاجروں کے ساتھ ہونے والی ہر نا انصافی کے خلاف سب سے پہلے آواز بلندکی ہے ۔