دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کا بچہ بچہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے، الطاف حسین
اللہ تعالیٰ دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما مسلح افواج کی غیب سے مدد فرمائے، الطاف حسین
ایک مرتبہ پھر مسلح افواج کو غیرمشروط تعاون کا یقین دلاتا ہوں کہ ایم کیوایم کا ایک ایک کارکن آپ کے ایک اشارے کا منتظر ہے
ایم کیوایم کے کارکنان اندرونی وبیرونی دشمن کے خلاف نہ صرف مسلح افواج کے ساتھ ہیں بلکہ وطن عزیز کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی بازی لگانے سے بھی گریز نہیں کریں گے
الیکٹرانک میڈیا مسلح افواج اور قوم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے وقتاً فوقتاً ملی نغمے بھی پیش کریں
علمائے کرام ،پا ک فوج کی کامیابی کیلئے ہرنماز کے بعد اللہ کی تائید و نصرت کے حصول اوردہشت گردوں کے
خلاف نبردآزما مسلح افواج کی کامیابی کیلئے دعائیں کریں
وفاقی حکومت کی ہدایت پر شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف باقاعدہ فوجی آپریشن کے آغاز کا خیرمقدم
لندن۔۔۔15،جون2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے وفاقی حکومت کی ہدایت پر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف باقاعدہ فوجی آپریشن کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ موجودہ حکومت کی ہدایت پر مسلح افواج نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف باقاعدہ فوجی آپریشن کاجوفیصلہ کیا ہے ہم اس پر وفاقی حکومت اور تمام مسلح افواج کے ذمہ داران اور ایک ایک جوان کو یقین دلاتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم ہی نہیں بلکہ قوم کا بچہ بچہ حتیٰ کہ مائیں ، بہنیں ، بزرگ بھی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔
جناب الطاف حسین نے مسلح افواج کی جانب سے کیے جانے والے فوجی آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما مسلح افواج کی غیب سے مدد فرمائے ۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک مرتبہ پھر مسلح افواج کو ایم کیوایم کی جانب سے غیرمشروط تعاون کا یقین دلاتا ہوں کہ ایم کیوایم کا ایک ایک کارکن آپ کے ایک اشارے کا منتظر ہے اور ایم کیوایم کے کارکنان اندرونی وبیرونی دشمن کے خلاف نہ صرف مسلح افواج کے ساتھ ہیں بلکہ وطن عزیز کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی بازی لگانے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔ جناب الطاف حسین نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں سے کہاکہ خدارا!! آپس کے تمام اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف کئے جانے والے فوجی آپریشن میں مسلح افواج کا بھرپورساتھ دیں۔ جناب الطاف حسین نے میڈیا خصوصاً الیکٹرانک میڈیا کے تمام نشریاتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ دیگرخبروں اورپروگراموں کے ساتھ ساتھ مسلح افواج اور قوم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے ملی نغمے بھی وقتاً فوقتاً پیش کرتے رہیں۔ جناب الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ پاک فوج کی کامیابی کیلئے ہرنماز کے بعد اللہ کی تائید و نصرت کے حصول اوردہشت گردوں کے خلاف نبردآزما مسلح افواج کی کامیابی کیلئے دعائیں کریں۔ آخر میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ہمت وجرات اوربہادری کامظاہرہ کرنے اورجانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے افسران ،جوانوں اورسویلین کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ ترین مقام عطافرمائے ۔(آمین)