گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے قومی ہیروحسن سد پارہ کی خدمات کو نظر انداز کئے جانے پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اظہار تشویش
قومی ہیرو کو 10کینال کی زمین دینے کے وعدے کو پورا کریں ، رابطہ کمیٹی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے مطالبہ
کراچی ۔۔۔12جون2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گلگت بلتستا ن سے تعلق رکھنے والے نیشنل کلائمبنگ ہیرو حسن سد پارہ کی پاکستان کے لئے پیش کئے گئے خدمات کو نظر اندار کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقے اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے قومی ہیرو حسن سدپارہ جنہوں نے سب سے قلیل وقت میں بلند ترین چوٹی سرکرنے کا اعزاز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہیرو حسن سدپارہ نے تمغہ امتیاز سمیت ملک کے دیگر اعلیٰ اعزازات حاصل کئے ہیں جس پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ نے 10کینال زمین دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ہنوز حسن سدپارہ کو 10کینال نہیں دیا گیا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اپنے کئے گئے اعلان کی پاسداری کریں اور قومی ہیرو حسن سدپارہ کی مزید تذلیل نہ کریں۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک و قوم کے ہیرو کی خدمات کو فراموش نہ کیا جائے اور حسن سد پارہ کے وطن عزیز کیلئے پیش کئے گئے خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے فی الفور 10کینال زمین فوری طورپر فراہم کئے جائیں اور ان کی پریشانیوں کا ازالہ کیا جائے