پاکستان عوامی تحریک کے وفد کی صلاح الدین گنڈا پور کی سربراہی میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی سے خورشیدبیگم سیکریٹریٹ میں ملاقات
ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے الطاف حسین کی رہائی پر مسرت اور نیک خواہشات کا اظہار،
الطاف حسین کو محروم عوام کے حقوق کے لئے جدو جہد کرنے پر باطل قوتیں ہر دور میں نشانہ بناتی ہیں، وفد عوامی تحریک
وفد کی آمد پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا ڈاکٹر طاہر القادری سے اظہار تشکر، ملک کو مشکلات سے نکالنے کا عزم
کراچی ۔۔۔۔12جون2014ء
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ اور پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکریٹری صلاح الدین گنڈا پور کی سربراہی میں وفد نے ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی کے ارکان حیدر عباس رضوی، سیدامین الحق اور افتخار اکبر رندھاوا سے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ملاقات کی اور جناب الطاف حسین کی رہائی پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے مسر ت او ر نیک خواہشا ت کا اظہار کیا اس موقع پر عوامی تحریک کے پنجاب میں صوبائی صدر بشارت جسپال اور پنجاب کے سیکریٹری جنرل فیاض وڑائچ بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔ملاقات کے موقع پر عوامی تحریک کے ذمہ داران نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو جناب الطاف حسین کے لئے گلدستہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ملک کے محروم و مظلوم عوام کے حقوق کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں اور اسی جرم کی پا داش میں باطل قوتیں جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو ہر دور میں نشانہ بناتی ہیں ۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان نے وفد کی آمد پر ڈاکٹر طاہر القادری کا شکریہ اداکرتے ہوئے عوامی تحریک کیساتھ اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور ملک کو مسائل سے نکالنے میں عوامی تحریک کے شانہ بشانہ جدوجہد کرنے کا بھی یقین دلایا۔