جناب الطاف حسین کی لندن میں رہائی دراصل ان کی بے گناہی کا ثبوت ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
حق و سچ کی خاطر جناب الطا ف حسین نہ تو ملکی سطح پر جھکے اور نہ ہی بین الاقوامی سطح پر کوئی بھی اوچھا ہتھکنڈہ انہیں صدائے حق بلند کرنے سے باز رکھ سکتا ہے ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں جناب الطاف حسین کی رہائی کی خوشی میں مبارکباد دینے کیلئے آنے والے گریجویٹ فورم کراچی و حیدرآباد اور گلشن اقبال ریذیڈنٹ کمیٹی کے وفود سے گفتگو
کراچی ۔۔۔9، جون 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی لندن میں رہائی دراصل ان کی بے گناہی کا ثبوت ہے اورجناب الطاف حسین کے فکرو فلسفہ اور نظریئے پر یقین رکھنے والے کروڑوں عوام اپنے قائد کی حراست کے دوران جس کرب ، دکھ اور صدمے سے گزرے ہیں وہ ایک کڑا امتحان تھا ۔ یہ بات انہوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں جناب الطاف حسین کی رہائی پر مبارکباد دینے کیلئے آنے والے گریجویٹ فورم کراچی و حیدرآباد اورگلشن اقبال ریذیڈنٹ کمیٹی کے نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سید امین الحق اور افتخار اکبر رندھاوا بھی موجود تھے ۔ گریجویٹ فورم کے وفد کی سربراہی ڈاکٹر عبد القادر خانزادہ جبکہ گلشن اقبال ریذیڈنٹ کمیٹی کے وفد کی سربراہی ریحان شمیم نے کی ۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جناب الطاف حسین کی رہائی کی خوشی میں مبارکباد دینے کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جناب الطاف حسین کی شخصیت اور دامن ہر قسم کے عیب سے پاک ہے اور ایم کیوایم کے کارکنان ، عوام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ان سے نظریاتی اور تحریکی وابستگی میں وہ پختگی اور عزم ہے جس کا اندازہ جناب الطاف حسین کی حراست کے دوران ملک بھر میں دیئے جانے والے دھرنوں کے شرکاء سے جذبات سے لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین پر پاکستان میں تو بے بنیاد ، جھوٹے اور سیاسی الزامات لگائے جاتے رہے ہیں جن میں الحمد اللہ جناب الطاف حسین کو عدالتوں نے باعزت بری کردیا ہے لیکن جناب الطاف حسین پر لندن میں الزام ، انہیں حراست میں لینا اور پھر ان کی رہائی اس بات کا ثبوت ہے کہ جناب الطا ف حسین حق و سچ کی خاطر نہ تو ملکی سطح پر جھکے اور نہ ہی بین الاقوامی سطح پر کوئی بھی اوچھا ہتھکنڈہ انہیں صدائے حق بلند کرنے سے باز رکھ سکتا ہے ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گریجویٹ فورم کراچی و حیدرآباد اور گلشن ریذیڈنٹ کمیٹی کے وفود کا نائن زیرو پر خیر مقدم کیا اور انہیں جناب الطاف حسین کی رہائی کی خوشی میں مٹھائی بھی کھلائی ۔