پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی کا الطاف حسین کی حراست پر اظہار تشویش
وفاقی حکومت کوچاہیے کہ وہ جناب الطاف حسین کو ہرممکن تعاون فراہم کرے، مخدوم جاوید ہاشمی
مشکل گھڑی میں ہم ، ایم کیوایم کے ساتھ ہیں، مخدوم جاوید ہاشمی
الطاف حسین سے میرا ذاتی وقلبی تعلق ہے اوران کے حوالہ سے مجھے ذاتی طورپر بھی بہت تشویش ہے
ایم کیوایم اور اس کے کارکنان اس آزمائش کی گھڑی میں جس ہمت اور جرات کے ساتھ کھڑے ہیں وہ قابل تحسین ہے
لندن۔۔۔6، جون2014ء
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے برطانیہ میں ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی حراست پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم کے لئے یہ انتہائی کٹھن اورمشکل وقت ہے اور اس مشکل گھڑی میں ہم ، ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے جناب الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں پر آزمائش کے وقت آتے رہتے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین سے میرا ذاتی وقلبی تعلق اور احترام کا رشتہ ہے اوران کے حوالہ سے مجھے ذاتی طورپر بھی بہت تشویش ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ وفاقی حکومت کوچاہیے کہ وہ جناب الطاف حسین کو ہرممکن تعاون فراہم کرے ۔ایم کیوایم اور اس کے کارکنان اس آزمائش کی گھڑی میں جس ہمت اور جرات کے ساتھ کھڑے ہیں وہ قابل تحسین ہے ، میری تمام تر ہمدردیاں جناب الطاف حسین اور ان کے کارکنان کے ساتھ ہیں۔