برطانیہ میں 22 مئی کو لوکل کونسل اور یورپین الیکشن میں اپنے ووٹ کا بھرپور استعمال کریں
برطانیہ میں آباد پاکستانیوں اور کشمیری بھائیوں سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی پرزور اپیل
پاکستانی کمیونٹی برطانیہ کی سیاسی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ وہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل و مشکلات کو ہر فورم پر مؤثر انداز میں اٹھا سکیں۔ الطاف حسین
لندن۔۔۔ 20،مئی2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے برطانیہ میں آباد پاکستانیوں اورکشمیری بھائیوں سے پرذوراپیل کی ہے کہ وہ برطانیہ میں 22مئی کولوکل کونسل اوریورپیئن الیکشن میں جس جماعت یاامیدوارکوووٹ دیناچاہیں اسے ضرورووٹ دیں لیکن اس بات کاخود بھی 100فیصد اپنے آپ سے وعدہ کریں اوراس کے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ دوست احباب کوبھی اس بات پر قائل کریں کہ پاکستانی کمیونٹی 22مئی کوہونے والے لوکل کونسل اوریورپیئن انتخابات میں اپنے ووٹ کابھرپور استعمال کرے۔جناب الطاف حسین نے پاکستانی اورکشمیری کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی سیاست کے ساتھ ساتھ برطانوی شہری کی حیثیت سے برطانیہ کی سیاسی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیا کریں تاکہ وہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل اورانہیں درپیش مشکلات اوردشواریوں کو ہرفورم پر مؤثراندازمیں اٹھاسکیں۔