اورنگی ٹاؤن میں بھتہ مافیاکی جانب سے بھتہ نہ دینے پردو بھائیوں کوفائرنگ کرکے قتل کرنے پررابطہ کمیٹی کااظہارمذمت
کراچی میں کاروباری افرادکوجاں ومال کاتحفظ فراہم کرنے کے لئے بھتہ مافیاکے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے،رابطہ کمیٹی
اسے وقت میں جب کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن اپنے عروج پرہے بھتہ مافیاکی جانب سے بھتے کی پرچیاں اوردھمکیاں لمحہ فکریہ ہیں
رابطہ کمیٹی کاامان الحق اورامین الحق کے لواحقین سے اظہار تعزیت ،مقتولین کی مغفرت کے لئے دعا
کراچی:۔۔۔20مئی 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اورنگی ٹاؤن میں بھتہ مافیاکی جانب سے بھتہ نہ دینے پردوسگے بھائیوں امان الحق اورامین الحق کوفائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیاہے کہ کراچی میں کاروباری افرادکوجاں ومال کاتحفظ فراہم کرنے کے لئے بھتہ مافیاکے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک اسے وقت میں جب کراچی میں جاری ٹارگٹڈآپریشن اپنے عروج پرہے بھتہ مافیاکی جانب سے کراچی کے تاجروں،دکانداروں اورصنعتکاروں کوبھتے کی پرچیاں اوربھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں لمحہ فکریہ ہیں۔رابطہ کمیٹی نے بھتہ نہ دینے والے اورنگی ٹاؤن کے تاجربھائیوں امان الحق اورامین الحق بہیمانہ کے قتل پر گہرے رنج اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے مقتولین کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورسوگوارلواحقین کویہ صدمہ برداشت کرنے کاحوصلہ دے۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اورگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادسے مطالبہ کیاکہ اورنگی ٹاؤن میں بھتہ نہ دینے کی پاداش میں قتل کئے گئے دوسگے بھائیوں امان الحق اورامین الحق کے قتل کانوٹس لیاجائے ان کے قاتلوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے اورکراچی کے عام شہریوں خصوصاًتاجروں،صنعتکاروں اوردکانداروں کوجان ومال کاتحفظ فراہم کرتے ہوئے بھتہ مافیا سے نجات دلائی جائے۔