سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں سندھ کے شہری کوٹے کی 52خالی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کو تعینات نہ کرنے پر حق پرست ارکان اسمبلی کا اظہار تشویش
صدر مملکت ، وزیراعظم ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ ،سندھ کے شہری کوٹے کی 52خالی نشستوں پر کامیا ب امیدواروں کو تعینات نہ کرکے ناانصافی اور تفریق پیدا کرنے کے عمل کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ، ارکان سندھ اسمبلی ایم کیوایم
متعصبانہ عمل شہری علاقوں میں پائے جانے والے احساس محرومی کی شدت میں اضافے اور شہری اور دیہی عوام کے درمیان کھلی تفریق کے مترادف ہے ، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی
کراچی ۔۔۔30، اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان سندھ اسمبلی نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں تین برسوں کے دوران سندھ کے شہری کوٹے کی 52خالی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کو تعینات نہ کرنے پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور اسے متعصبانہ اقدام قرار دیا ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری کوٹے کی 52نشستوں پر کامیاب امیدواروں کو تعینات نہ کرنا اوردیہی سندھ کے لئے مختص 170نشستوں پرمعمول کے مطابق بھرتیاں کرنے کا متعصبانہ عمل شہری علاقوں میں پائے جانے والے احساس محرومی کی شدت میں اضافے اور شہری اور دیہی عوام کے درمیان کھلی تفریق کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔حق پرست ارکانِ سندھ اسمبلی نے صدر مملکت ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے شہری کوٹے کی 52خالی نشستوں پر کامیا ب امیدواروں کو تعینات نہ کرکے ناانصافی اور تفریق پیدا کرنے کے عمل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس معاملے کی حساسیات اور اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے ترجیحی بنیادوں پر میرٹ کے مطابق حل کیاجائے ۔