جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے پر الطاف حسین کا اظہار افسوس
بارودی سرنگوں کی زد میں آکر درجنوں معصوم و بے گناہ افراد ہلاک، زخمی اور عمر بھر کے لئے معذور ہوچکے ہیں، الطاف حسین
دہشت گردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا جائے، الطاف حسین
لندن۔۔۔30، اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکہ کے نتیجے میں متعدد فراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیاہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بارودی سرنگوں کے زد میں آکر ا بتک درجنوں معصوم و بے گناہ افراد ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی افراد معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے باوردی سرنگ کی زد میں آکر دھماکہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے ۔ جناب الطاف حسین صدر مملکت ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کی زد میں آکر متعدد افراد کے ہلاک ہونے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو جدید دفاعی آلات استعمال میں لاکر ناکارہ بنایاجائے اورملک سے دہشت گردی اور اس کے تمام ذرائع کا فی الفور خاتمہ کیاجائے ۔