ملک میں ہر سطح پر میرٹ کا نظام نافذ کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جاسکتا ہے۔ ایم کیوایم برطانیہ
ایم کیوایم برطانیہ کے انچارج ڈاکٹر سلیم دانش کا ایسٹ لندن یونٹ کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب
لندن27اپریل2014ء
متحد ہ قومی موومنٹ برطانیہ کے انچارج ڈاکٹر سلیم دانش نے کہا ہے کہ آج پاکستان سنگین بحرانوں کا شکار ہے لہٰذا پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور حکمرانوں کو قائد تحریک الطاف حسین کا وژن اپنانا ہوگا تاکہ ملک کو اس بحرانی کیفیت سے باہرنکالا جا سکے۔ قائد تحریک الطاف حسین کے فلسفہء حقیقت پسندی اور عملیت پسندی کی روشنی میں اسٹیبلشمنٹ اور حکمران پاکستان کو درپیش مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ملک میں ہر سطح پر میرٹ کا نظام نافذ کریں تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم یوکے ایسٹ لندن یونٹ کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکیم محمد سعیدقتل کیس کا جھوٹا الزام لگا کرایم کیوایم کو بدترین ریاستی مظالم کا نشانہ بنایا گیا اور بیگناہ ساتھیوں کو ریاستی اداروں کی جانب سے ماورائے عدالت قتل کیا گیا ،لیکن وقت نے ثابت کردیا کے ایم کیو ایم محب وطن جماعت ہے۔اس موقع پر ایم کیو ایم یوکے کے جوائنٹ انچارج سہیل خانزاد ہ ،آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن ہاشم اعظم، انچارج ایسٹ لندن منظور احمد، یو کے یونٹ کے ذمہ دارا ن اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم یوکے کے جوائنٹ انچارج سہیل خانزادہ نے کہا کہ تحریکی سفر میں مشکلات ، ظلم و ستم اور رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ثابت قدمی اور خدا پر بھروسے تحریکوں کو کامیابی و کامرانی نصیب ہوتی ہے۔انھوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں ذرائع ابلاغ کے ذریعے حق پرستی کی تحریک کے پیغام کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس سے یوکے آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن ہاشم اعظم اوررکن یوکے آرگنائزنگ کمیٹی و انچارج ایسٹ لندن یونٹ منظور احمدنے بھی خطاب کیا۔