طاقت اور ظلم و ستم کاکوئی بھی ہتھکنڈہ ایم کیوایم کے پیغام حق پرستی کو ملک بھر میں پھیلنے سے نہیں روک سکا ، احمد سلیم صدیقی، اسلم آفریدی
یادگارِ شہداء حق جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کےسیکٹرز کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب
کراچی ۔۔۔28اپریل 2014
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان احمد سلیم صدیقی اور اسلم آفریدی نے کہاکہ ایم کیوایم آج جس مقام پر ہے وہ حق پرست شہداء اور اسیر کارکنان کی قربانیوں کا ثمر ہے ۔یہ بات انہوں نے ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم کے شہداء کی یاد میں تعمیر کی گئی یاد گارِ شہداء حق کے سامنے منعقد ہونے والے مختلف سیکٹرز کے ذمہ داران کے اجلاس سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس مو قع پر پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج واراکین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین نے روز اول سے ہی 98فیصد عوام کے حقوق کی جدوجہد کیلئے آواز بلند کی ہے اور اسی وجہ سے قائد تحریک نے جیلیں کاٹیں جبکہ ایم کیوایم پر ریاستی آپریشن بھی کیا گیا جس میں انکے کے بڑے بھائی ، بھتیجے اورایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان نے جام شہادت نوش کیا مگرکوئی بھی طاقت اور ظلم و ستم کا ہتھکنڈہ ایم کیوایم کے حق پرستی کے پیغام کو ملک بھر میں پھیلنے سے نہیں روک سکا ہے۔انہوں نے کہاکہ سچے ، مخلص اور جانفشانی سے کام کرنے والے تحریکی ساتھیوں کی یہ پہچان ہے کہ وہ کڑے اور مشکل وقت میں بھی جناب الطاف حسین کے فکر وفلسفہ اور نظریئے کے فروغ کیلئے نہ صرف سرگرم رہتے ہیں بلکہ اپنی ذاتی خواہشات کو تحریکی مفاد اور مشن و مقاصد کی خاطر قربان کردیتے ہیں ۔ احمد سلیم صدیقی اور اسلم آفریدی نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ حق پرستی کے فکرو فلسفہ اورنظریئے کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھیں ، ملکی حالات پر نظر رکھیں ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بیانات کا باقاعدگی سے مطالعہ کریں ۔