ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے مسیحی برادری کوایسٹرکی دلی مبارکباد
حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دنیا کو احترام انسانیت اورامن وبھائی چارے کادرس دیا،الطاف حسین
وقت کاتقاضہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے احترام انسانیت اورمذہبی رواداری کے پیغام کوفروغ دیاجائے
مسیحی برادری کے مذہبی تہوار’’ایسٹر‘‘کے موقع پر جناب الطاف حسین کاخصوصی پیغام
لندن ۔۔۔19؍ اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیابھرمیں تمام مسیحی برادری کوایسٹرکی دلی مبارکبادپیش کی ہے اور مسیحی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی عبادات میں امن عالم ،فلاح انسانیت ،ملک کی بقاء وسلامتی اوراستحکام اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دنیا کو احترام انسانیت اورامن وبھائی چارے کادرس دیااور وقت کاتقاضہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے احترام انسانیت اورمذہبی رواداری کے اس پیغام کوفروغ دیاجائے اوران درندہ صفت سفاک دہشت گردوں کی نفی کی جائے جوملک میں دہشت گردی کے ذریعے عبادات گاہوں ،بزرگان دین کے مزارت ،اسکول و کالجوں اورجیتے جاگتے معصوم وبیگناہ انسانوں کونشانہ بنارہے ہیں۔جناب الطاف حسین نے مسیحی ماؤں، بہنوں، بھائیوں، بزرگوں ا وربچوں کوایسٹرکی مبارکباد پیش کی اوران سے کہاکہ وہ ا پنی عبادات میں امن عالم،فلاح انسانیت اور ملک کی بقاء وسلامتی اوراستحکام کیلئے دعاکریں۔