وزارت داخلہ کی جانب سے جنرل پرویز مشرف کی والدہ کی عیادت کیلئے ملک سے باہر جانے کی درخواست کا مسترد کیا جانا افسوسناک ہے۔ الطاف حسین
یہ ایک شدید بیمار بزرگ ماں کے دیدار اور عیادت کا معاملہ ہے، حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ الطاف حسین
پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے تاکہ وہ اپنی شدید بیمار والدہ محترمہ کا دیدار کرسکیں اور انکی تیمار داری کرسکیں
لندن۔۔۔2 اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے سابق صدرمملکت جنرل پرویزمشرف کی اپنی والدہ کی عیادت اور تیمارداری کیلئے ملک سے باہر جانے کی درخواست مستردکئے جانے پر شدیدافسوس کااظہارکیاہے۔ اپنے ایک بیان میں انہو ں نے کہاکہ پرویزمشرف کے وکلاء حضرات نے ان کی جانب سے وزارت داخلہ کو جودرخواست جمع کرائی تھی اس میں یہی اپیل کی گئی تھی پرویزمشرف کوملک سے باہر جانے کی اجازت دیدی جائے تاکہ وہ اپنی والدہ ء محترمہ کی عیادت اورتیمارداری کرسکیں جوان دنوں شدید علیل ہیں اور شارجہ کے ایک اسپتال میں زیرعلاج ہیں لیکن وزارت داخلہ نے اس اپیل کوانسانی بنیادوں پر ڈیل کئے بغیر بیک جنبش قلم مستردکردیاجس پر جتناافسوس کیاجائے کم ہے۔ جناب الطا ف حسین نے حکومت سے درد مندانہ اپیل کی کہ یہ ایک شدیدبیمار بزرگ ماں کے دیداراورعیادت کامعاملہ ہے لہٰذا حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پرویزمشرف کی درخواست کومستردکرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے اورپرویزمشرف کانام ای سی ایل سے خارج کردے تاکہ پرویزمشرف اپنی بیماروالدہ محترمہ کا دیدارکرسکیں اوران کی تیمارداری کرسکیں۔ جناب الطاف حسین نے پرویزمشرف کے وکلاء سے درخواست کی کہ وہ وزارت داخلہ کے اس فیصلے کاگہرائی سے جائزہ لیکر عدالت میں درخواست دائر کریں۔