ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کاکمالیہ میں مسافر بس اُلٹنے اور رحیم یار خان میں گاڑی نہر میں گرجانے کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار
حکومت ملک بھر میں ٹریفک قوانین پرسختی سے عمل در آمد یقینی بنائے،
ٹریفک حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بن گیا ہے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی
رابطہ کمیٹی کا حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارتعزیت،مرحومین کی مغفرت او ر زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا
کراچی ۔۔۔ 27مارچ2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب کے شہر کمالیہ میں مسافر بس اُلٹ جانے اور رحیم یارخان میں گاڑی نہر میں گرنے کے نتیجے میں 4معصوم بچوں سمیت متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے حادثات کاشکارتمام افرادکے اہل خانہ سے دلی تعزیت اورافسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے حادثات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اوران حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بن گیا ہے۔رابطہ کمیٹی نے کمالیہ بس حادثے اور رحیم یار خان میں گاڑی نہرمیں گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے افرادکی مغفرت ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کو جلد صحت و تندرستی دعاکرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کے ضیائع کانوٹس لیاجائے اورحادثات کی روک تھام کیلئے قوانین پرسختی سے عمل درآمدکرایاجائے ۔