ڈی ایس پی آغا جمیل کا قتل حکومت وانتظامیہ کیلئے کھلا چیلنج ہے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
بعض عناصر بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلاکر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا ء سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں
ڈی ایس پی آغا جمیل کے قتل کی واردات کے پس پردہ مقاصد کو بے نقاب کیا جائے
نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے افسرآغاجمیل اور راہ گیر بچے فیضان کے قتل پررابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت
لندن۔۔۔22، مارچ2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے شرف آباد میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے افسر ڈی ایس پی آغا جمیل اورراہ گیر بچے فیضان کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کیلئے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ڈی ایس پی آغا جمیل کا قتل حکومت وانتظامیہ کیلئے کھلا چیلنج ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بعض عناصر بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلاکر کراچی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا ء سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ڈی ایس پی آغا جمیل اورفیضان کے قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اور قتل کی واردات کے پس پردہ مقاصد کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔رابطہ کمیٹی نے آغاجمیل اورفیضان کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتول کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے ۔(آمین)