گڈانی چیک پوسٹ پر ہولناک حادثے میں جھلس کر مکمل طور پر مسخ ہوجانے والی لاشوں کا فی الفور ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا بندوبست کیاجائے ، الطاف حسین کا وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان سے مطالبہ
ہولناک تصادم میں انسانی لاشوں کا جھلس کر مسخ ہوجانا بڑا سانحہ ہے ، الطاف حسین
ہر محب وطن شخص ہولناک حادثہ پر نہ صرف افسردہ ہے بلکہ اس حادثے میں 30سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے اسباب جاننا چاہتا ہے ، الطاف حسین
لندن۔۔۔22، مارچ2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے صوبہ بلوچستان کے علاقے گڈانی چیک پوسٹ کے قریب دو بسوں اور ٹرالر کے درمیان ہولناک تصادم میں انسانی لاشوں کے جھلس کر مسخ ہوجانے کو بڑا سانحہ قرار دیا ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ خوفناک حادثے میں جھلس کر مکمل طور پر مسخ ہوجانے والے مرد ، خواتین ، بچوں کی لاشوں کا فی الفور ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا بندوبست کرایاجائے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ہر محب وطن شخص گڈانی چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے ہولناک حادثہ پر نہ صرف افسردہ ہے بلکہ اس حادثے میں 30سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے اسباب جاننا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کراکر اور اس کی جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے ذریعے ہی اس قسم کے واقعات کی آئندہ روک تھام کی جاسکتی ہے اورانسانی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔