صوفیائے کرام کانفرنس کو تاریخی کامیابی سے ہمکنارکرنے پررابطہ کمیٹی کاتمام شرکاء سے اظہارتشکر
بزرگان دین ؒ ، اولیائے کرامؒ اور صوفیائے کرام نے ہمیشہ احترام انسانیت ، امن ومحبت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے
بزرگ ہستیوں کی خانقاہوں سے تمام مذاہب ، عقائد اور مسالک سے تعلق رکھنے والے فیض پاتے رہے ہیں
اعتدال پسند عوام کایہ مثالی اتحاد پاکستان کی بقاء وسلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا
کراچی ۔۔۔10، مارچ2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لاہور میں منعقدہ صوفیائے کرام کانفرنس میں شرکت کرنے اوراس کانفرنس کو تاریخی کامیابی سے ہمکنارکرنے پرتمام علمائے کرام ، مشائخ عظام ، درگاہوں اور مزارات کے سجادہ وگدی نشینوں، نعت خواں اورقوال حضرات ، صوفیانہ کلام پڑھنے والے فنکاروں، سیاسی ومذہبی رہنماؤں،میڈیا کے تمام نمائندوں، طلباوطالبات اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے دلی تشکرکا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ بزرگان دین ؒ ، اولیائے کرامؒ اور صوفیائے کرام نے ہمیشہ احترام انسانیت ، امن ومحبت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے ۔ان بزرگ ہستیوں کی خانقاہوں سے تمام مذاہب ، عقائد اور مسالک سے تعلق رکھنے والے فیض پاتے رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دین اسلام کے فروغ اور احترام انسانیت کیلئے صوفیائے کرام کی خدمات اجاگر کرنے کے سلسلے میں ایم کیوایم کے تحت لاہور میں منعقد کی گئی صوفیائے کرام کانفرنس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور افراد نے ملک اور بیرون ملک سے بھرپورشرکت کرکے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب کے عوام کی اکثریت اعتدال پسندی ، امن ومحبت ، بھائی چارے اور احترام انسانیت پر یقین رکھتی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوفیائے کرام کانفرنس میں بھرپورشرکت کرنے اورکانفرنس کو تاریخ ساز فتح سے ہمکنارکرنے پر تمام شرکاء سے دلی تشکرکااظہارکرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ ،اعتدال پسند عوام کایہ مثالی اتحاد پاکستان کی بقاء وسلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ملک بھرمیں مذہبی رواداری ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، امن ومحبت اور بھائی چارے کو فروغ حاصل ہوگا۔