صوفیائے کرام اور بزرگان دین کا پیغام امن، احترام انسانیت اور انسان دوستی کا پیغام ہے۔ الطاف حسین
آج پاکستان میں امن و آشتی کے اسی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے
ہم صوفیائے کرام کے پیغام کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی شدت پسندی اور دہشت گردی کا سدباب کیا جاسکے
حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کی درگاہ کے سجادہ نشین دیوان احمد مسعود مودود سے فون پر گفتگو
قائد تحریک الطاف حسین نے دیوان احمد مسعود مودود کو صوفیاء کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی
نیک مقصد کے لئے منعقد کی جانے والی اس کانفرنس میں ضرور شرکت کریں گے۔ دیوان احمد مسعود مودود
لندن ۔۔۔ 8 مارچ 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ صوفیائے اکرام اوربزرگان دین کاپیغام امن،احترام انسانیت اور انسان دوستی کا پیغام ہے اورآج پاکستان میں امن وآشتی کے اسی پیغام کوعام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یہ بات آج پاک پتن میں حضرت بابافرید الدین مسعود گنج شکرؒ کی درگاہ کے سجادہ نشین جناب دیوان احمد مسعود مودود سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے جناب دیوان احمد مسعود مودود کو اتوار کو لاہورمیں ہونیوالی صوفیائے کرام کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ آپ حضرات نے بزرگان دین کے امن وآشتی کے پیغام کوعام کرنے میں اپنی زندگی صرف کی ہے اورہم اسی پیغام کومزیدفروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی شدت پسندی اور دہشت گردی کاسدباب کیاجاسکے۔ اس موقع پر جناب دیوان احمد مسعود مودود نے ایم کیوایم کے زیراہتمام ہونے والی صوفیاء کانفرنس کی دعوت کو قبول کیا اور کہا کہ ہم دیگرلوگوں کوبھی آپ کا پیغام پہنچارہے ہیں اور نیک مقصدکے لئے منعقدکی جانے والی اس کانفرنس میں ضرور شرکت کریں گے۔