تھر میں قحط سالی اور خوراک کی قلت سے ہونے والی اموات پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا اظہار تشویش
صوبائی محکمہ خوراک کی ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اور نااہلی کے باعث تھر میں عورتیں اور بچے فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں، بچے بھوک پیاس کی وجہ سے بلک رہے ہیں اور مسلسل فاقہ کشی سے تنگ آکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھورہے ہیں
تھر کے قحط سالی سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، بچوں کیلئے خشک دودھ، پانی اور غذائی اجناس پہنچائی جائے۔ الطاف حسین کی رابطہ کمیٹی کو ہدایت
مخیر حضرات تھر کے قحط زدہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں۔ الطاف حسین
حکومت تھر کے متاثرین تک غذائی اجناس پہنچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ الطاف حسین
لندن۔۔۔6 مارچ 2014ء
ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین نے صحرائے تھرمیں قحط سالی اورخوراک کی قلت سے ہونے والی اموات پر دلی صدمہ اور سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطا ف حسین نے کہاکہ تھرمیں ہونے والی خشک سالی اپنی جگہ لیکن حکومت سندھ کے محکمہ خوراک کی جانب سے تھرکے لوگوں کو غذائی اجناس کی فراہمی کیلئے ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اورنااہلی کے باعث آج تھرمیں عورتیں اوربچے فاقہ کشی کرنے پر مجبورہیں، بچے بھوک پیاس کی وجہ سے بلک رہے ہیں اور مسلسل فاقہ کشی سے تنگ آکراپنی جانوں سے ہاتھ دھورہے ہیں ۔جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کوہدایت کی کہ ایم کیوایم کی جانب سے تھرکے قحط سالی سے متاثرہ افرادخصوصاًعورتوں اوربچوں کی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں اوروہاں بچوں کیلئے خشک دودھ، پانی اورغذائی اجناس پہنچائی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے مخیرحضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ تھرکے قحط زدہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ تھرکے قحط زدہ افرادکوغذائی اجناس کی فراہمی کے سلسلے میں صوبائی محکمہ خوارک کی سنگین غفلت ، کوتاہی اورنااہلی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تھر کے متاثرین تک غذائی اجناس پہنچائی جائیں۔