متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی لاہور میں حضرت علی ہجویری ؒ المعروف داتا صاحب کے دربار پر حاضری
ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کی جانب سے دربار پر چادر چڑھائی اور لنگر تقسیم کیا
نومارچ کی ’’صوفیاء کرامؒ کانفرنس‘‘ صوبہ پنجاب میں ایک نئی تاریخ رقم کریگی ، رابطہ کمیٹی
لاہور ۔۔۔۔28، دسمبر ،2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر ایم کیو ایم کے نمائندہ وفد نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکا ن عبدالحسیب، میاں عتیق اور حق پرست رکن قومی اسمبلی بیگم طاہرہ آصف کی سربراہی میں حضرت علی ہجویری ؒ المعروف داتا صاحب کے دربار پر حاضری دی ، چادر چڑھائی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے لنگر تقسیم کیا ۔ اس موقع پر وفد نے پاکستان میں امن و سلامتی ، شہداء حق کے ایصال ثواب ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمر اور 9مارچ کو ایم کیو ایم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ’’صوفیاء کرام کانفرنس ‘‘ کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی ۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ 9مارچ کو منعقد ہونے والی ’’صوفیاء کرامؒ کانفرنس ‘‘ صوبہ پنجاب میں ایک نئی تاریخ رقم کریگی اور دہشت گرد عناصر کو ایک کھلا پیغام دے گی کہ پنجاب کی دھرتی ان اولیاء و صوفیاء کرام کی دھرتی ہے جنہوں نے ہمیشہ پیار ، محبت اور امن و آتشی کا درس دیا ہے اور آج بھی پنجاب کے غیور عوام انہی اولیاء و صوفیاء کرام کے پیروکار ہیں اور ان دہشت گرد عناصر کو کسی صورت متحرک نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے پنجاب کے نوجوان طلباء و طالبات سے اپیل کی کہ پنجاب کے نوجوان طلباء و طالبات اپنے تمام سیاسی و مذہبی اختلافات کو پس پشت رکھ کر ’’صوفیاء کرامؒ کانفرنس ‘‘میں بھرپور شرکت کریں ۔