ایم کیوایم کے سینئر کارکنان حامدخان اور محمد خالد کے سفاکانہ قتل کا فوری نوٹس لیاجائے، رابطہ کمیٹی
کراچی میں بے گناہ کارکنان اور علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ حکومت وانتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے معصوم شہریوں کو سفاک دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے
حامد خان شہید اور محمد خالد شہید کے سوگوارلواحقین سے رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت
کراچی ۔۔۔28، فروری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گول مارکیٹ ناظم آباد میں مذہبی انتہاء پسند دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم ناظم آبادگلبہارسیکٹر یونٹ 183 کے سینئر کارکنان حامد خان اور محمد خالد کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے سینئر کارکنان حامد خان اور محمد خالد گول مارکیٹ ناظم آباد کی مقامی مسجد سے جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد گھرجارہے تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار مذہبی انتہاء پسند دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حامد خان اور محمد خالدجوکہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی ریحان ظفر کے ہم زلف بھی تھے ، موقع پر ہی شہید ہوگئے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان اور مختلف مکاتب فکرکے علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات حکومت وانتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے معصوم شہریوں کو سفاک دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ مذہبی انتہاء پسند دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنان حامدخان اور محمد خالد کے سفاکانہ قتل کا فوری نوٹس لیاجائے ، سفاک قاتلوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اورشہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ رابطہ کمیٹی نے حامد خان شہید اور محمد خالد شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حامد خان شہیداور محمد خالد شہید کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے ۔(آمین)