ناظم آبادمیں ایم کیوایم کے سینئر کارکنان حامد خان اور محمد خالد کی شہادت پر الطاف حسین کااظہار افسوس
سینئراورمخلص کارکنان کی شہادت پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، الطاف حسین
بے گناہ کارکنان وہمدردوں کو مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناکرکراچی کاامن تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، الطاف حسین
گھناؤنے مقاصد کیلئے بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلانے والے انسانیت اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، الطاف حسین
لندن۔۔۔28، فروری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ناظم آباد میں مسلح وہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم یونٹ 183 کے 2 سینئر کارکنان حامد خان اورمحمدخالد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیاہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان وہمدردوں کو مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناکرکراچی کاامن تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جوعناصر اپنے مذموم اور گھناؤنے مقاصد کیلئے بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلارہے ہیں وہ انسانیت اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے سینئرکارکنان حامد خان شہید اور محمد خالد شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ سینئراورمخلص کارکنان کی شہادت پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان سوگوارلواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حامد خان شہید اور محمد خالد شہید کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطاکرے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔(آمین)