ایم کیو ایم کے کارکنان مشکل گھڑی میں مسلح افواج کے ساتھ پاکستان کی بقا و سلامتی کو یقینی بنائیں گے،ایم کیوایم امریکہ
طالبان کے خاتمے میں ہی پاکستان کی بقا ہے،سینٹرل آرگنائزر امریکہ جنید فہمی و آرگنائزنگ کمیٹی
یکجہتی ریلی کی کامیابی نے دہشتگردوں کے خلاف قوم کو نیا حوصلہ اور توانائی دی ہے، جنید فہمی و آرگنائزنگ کمیٹی
کراچی کے غیور عوام پاکستان کی بقا کی جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں
شکاگو ۔۔۔ 02-26-2014
ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزرجنید فہمی ، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ثاقب محی الدین، وسیم زیدی، توصیف خان ، عامر قاضی، گل محمد،علی حسن، وکیل جمالی اور محمد ظہیر نے ایم کیو ایم کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی کی عظیم الشان کامیابی پر قائد تحریک جناب الطاف حسین ، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی، کارکنان اور ذمہ داران سمیت حق پرست عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ یکجہتی ریلی کی عظیم الشان کامیابی نے دہشتگردوں کے خلاف قوم کو نیا حوصلہ اور توانائی دی ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ طالبان کے خطرے سے برسوں پہلے آگاہ کرنے والے پاکستان کے واحد لیڈر جناب الطاف حسین نے یکجہتی ریلی کے ذریعے طالبان کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں کھڑے ہو کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لئے کسی مصلحت ، خوف اور کنفیوژن کا شکار نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غیور اور بہادر عوام نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے یکجہتی ریلی میں لاکھوں کی تعداد میں شریک ہو کر یہ پیغام دیا ہے کہ کراچی نہ صرف جاگ رہا ہے بلکہ پاکستان کی بقا کی اس فیصلہ کن جنگ میں ہر اول دستے کا کردار اداکرنے کو بھی تیارہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اب اس سچائی کو پاکستان کی حکومت اور پالیسی ساز اداروں کو سمجھ لیناچاہئیے کہ طالبان کے خاتمے میں ہی ملک کی بقا ہے۔جنید فہمی اور سینٹرل کمیٹی نے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے طالبان دہشت گردوں اور ان کے حمائتیوں کو بے نقاب کر کے ملک کو بچانے کے لئے پوری پاکستانی قوم کو آواز دی ہے اور یہ اب تمام محب وطن پاکستانیوں پر فرض ہے کے وہ میدان عمل میں آکر ملک دشمن قوتوں کو نیست و نابود کرنے میں پاک فوج اور سیکوریٹی اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج وطن عزیز کو 1965جیسے جذبے کی اشد ضرورت ہے کہ جہاں مرد،بچے،بزرگ اور خواتین متحد ہو کر پاکستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی عفریت کو شکست دیں۔ آخر میں انہوں نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت اور رہنمائی میں ایم کیو ایم کے کارکنان، ذمہ داران اور ملک بھر کے حق پرست عوام ہر مشکل گھڑی میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور پاکستان کی بقا و سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔