ایم کیوایم بزرگان دین اورصوفیائے کرام کے پیغام کوعام کرنے کیلئے 9مارچ کو لاہورمیں صوفیاء کانفرنس منعقدکرے گی ۔الطاف حسین
تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے رکھنے والے علماء ، مشائخ، صوفی حضرات اورصوفی فنکارشرکت کرینگے
تمام تنظیمی شعبہ جات کے ارکان صوفیاء کانفرنس کے انعقاد کیلئے بھرپورتیاریاں شروع کردیں
صوفیائے کرام نے احترام انسانیت، تمام انسانوں کی فلاح وبقاء اورامن وبھائی چارے کاجودرس دیا آج پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو اسی پیغام کی ضرورت ہے۔ رابطہ کمیٹی سے گفتگو
اہلیان پنجاب خصوصاً مخیرحضرات صوفیاء کانفرنس کی کامیابی کیلئے حسب توفیق عطیات دیں۔جناب الطاف حسین کی اپیل
لندن۔۔۔25، فروری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم بزرگان دین اورصوفیائے کرام کے پیغام کوعام کرنے کیلئے 9مارچ کولاہورمیں صوفیاء کانفرنس منعقدکرے گی ۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ اسلام کی ترویج واشاعت اوردنیاکواسلام کے اصل پیغام سے آگاہ کرنے کیلئے صوفیائے کرام نے جوکرداراداکیاوہ کسی سے ڈھکاچھپانہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ صوفیائے کرام نے احترام انسانیت کاجودرس دیا،بلاامتیاز رنگ ونسل و زبان اوربلاامتیازمذہب ومسلک وعقیدہ تمام انسانوں کی فلاح وبقاء اورامن وبھائی چارے کاجودرس دیا آج پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو اسی پیغام کی ضرورت ہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم صوفیائے کرام کے اسی پیغام کے فروغ کیلئے صوفیائے کرام کی دھرتی پنجاب کے دارالحکومت لاہورمیں 9 مارچ کوصوفیاء کانفرنس کی شکل میں ایک روحانی اجتماع منعقد کرے گی جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے رکھنے والے علماء ، مشائخ، صوفی حضرات اورصوفی فنکارشرکت کریں گے۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی اورتمام تنظیمی شعبہ جات کے ارکان کوتاکیدکی کہ وہ 9 مارچ کوہونے والے صوفیاء کانفرنس کے انعقاد کیلئے بھرپورتیاریاں شروع کردیں اور اس کانفرنس کومیاب بنانے کیلئے ایک ایک لمحے کوقیمتی جانتے ہوئے اس کااستعمال کریں ۔جناب الطاف حسین نے اہلیان پنجاب خصوصاً مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ اس کانفرنس کی کامیابی کیلئے حسب توفیق عطیات دیں تاکہ اس کارخیرکومزید بہتر سے بہتراندازمیں انجام دیاجاسکے۔