صحافیوں کی حفاظت کیلئے ایم کیوایم کے کارکنان ان کے دفاتربھیجنے کو تیار ہیں، الطاف حسین
کراچی ۔۔۔23 فروری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے طالبان کی جانب سے ٹی وی چینلزاوراخبارات کے دفاترپر حملوں اوران کے صحافیوں کودہشت گردی کانشانہ بنانے کی شدیدمذمت کی ہے۔ وہ آج شاہراہ قائدین پر ایم کیوایم کے زیراہتمام ’’ یکجہتی ریلی ‘‘ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا والے بتاتے ہیں کہ اگر وہ طالبان کے بیانات نشر نہ کریں تو ان کے دفاتر اور عملے کودہشت گردی کانشانہ بنایاجاتا ہے ۔طالبان دہشت گرد تین صحافیوں کوشہیدکرچکے ہیں اس کے علاوہ ایکسپریس، اے آروائی،وقت ،آج اوردیگرچینلز کے دفاترپر حملے کئے اورصحافیوں کودھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے صحافیوں ، اخبارات اورٹی وی چینلز کے خلاف ہونے والے حملوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے صحافی برادری کویقین دلایا کہ صحافی برادری کوجہاں جہاں دھمکیاں مل رہی ہیں وہ ایم کیوایم کو بتائیں، ہم اپنے ساتھیوں کوحفاظت کیلئے آپ کے دفاتربھیجیں گے ، پہلے ان کی جان جائے گی پھرآپ کی طرف کوئی بڑھے گا۔انہوں نے جرات وہمت کامظاہرہ کرکے حق وسچ لکھنے اور کہنے والے صحافیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا۔