حاجی عبدالرزاق اپنی ملنسار طبیعت کے باعث لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے، الطاف حسین
لندن میں حاجی عبدالرزاق کے بھتیجے سلمان اقبال سے ٹیلی فون پرآپ دعا کریں کہ حاجی صاحب کے انتقال کے بعدبھی ہم ان کی خدمات کوجاری رکھ سکیں، سلمان اقبال
لندن۔۔۔21، فروری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے اے آر وائی گروپ کے چیئرمین حاجی عبدالرزاق یعقوب کے انتقال پر مرحوم کے بھتیجے سلمان اقبال سے لندن میں ٹیلی فون پر دلی تعزیت کااظہارکیا اور انہیں صبر کی تلقین کی ۔ جناب الطاف حسین نے سلمان اقبال سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ حاجی عبدالرزاق کے انتقال سے مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ہم سے ایک مشفق بزرگ کاسہارا چھن گیا۔ انہوں نے حاجی عبدالرزاق کی خدمات کوسراہتے ہوئے کہاکہ ملک وقوم اور غریب عوام کیلئے حاجی عبدالرزا ق کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں اور وہ اپنی خداترسی اورملنسار طبیعت کے باعث لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔ سلمان اقبال نے جناب الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہمارے لئے دعا کریں کہ حاجی عبدالرزاق کے انتقال کے بعدبھی ہم سب متحدرہیں اور ان کی خدمات کوجاری رکھ سکیں۔